
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دارالحكومت تہران میں آج چھٹی بین الاقوامی فلسطین كانفرنس رہبراسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای كی شرکت سے شروع ہوئی۔
عالمی فلسطین كانفرنس میں آمد پر صدر اسلامی جمہوریہ ایران، عدلیہ كے سربراہ اور ایرانی مجلس كے اسپیكر نے رہبراسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای كا استقبال كیا۔
چھٹی بین الاقوامی فلسطین كانفرنس میں ۸۰ غیرملكی وفود شركت كررہے ہیں۔ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد مظلوم فلسطینی قوم اور انتفاضہ فرنٹ کی حمایت کرنا ہے۔
اس کانفرنس میں صدر اسلامی جمہوریہ ایران حسن روحانی، عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی اور مجلس کے اسپیکر علی لاریجانی سمیت اعلی ملکی اور غیرملکی حکام بھی اس کانفرنس میں شریک ہیں۔
پروگرام کے مطابق، یہ کانفرنس ایرانی اسپیکر کی صدارت میں منعقد ہورہی ہے جس میں ایرانی چیف جسٹس آیت اللہ آملی لاریجانی بھی خطاب کریں گے۔
اس کانفرنس کی اختتامی نشست سے ایرانی صدر کل بروز بدھ خطاب کریں گے جس کے بعد مشترکہ اعلانیہ پڑھ کر سنایا جائے گا۔
جمعرات کے روز فلسطینی انتفاضہ کی حمایت کرنے والی نجی تنظیموں کی بھی نشست معنقد ہوگی۔
ایرانی مجلس نے ۹مئی ۱۹۹۰ء کو فلسطینی مزاحمت اور انقلاب کی حمایت پر ایک بل پاس کیا جس کے بعد فلسطین کے حوالے سے پانچ بار عالمی کانفرنسوں کا انعقاد کیا جاچکا ہے۔
ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد اور تہران میں عالمی انتفاضہ کی حمایت پر کانفرنس کے انعقاد سے مسئلہ فلسطین کو مزید اُجاگر کرنے کے لئے سنہری موقع فراہم ہوا ہے۔
بانی عظیم اسلامی انقلاب حضرت امام خمینی (رہ) نے بارہا عالمی برادری کی توجہ مسئلہ فلسطین پر دلائی ہے اور وہ اس بات پر زور دیتے تھے کہ فلسطین، انسانی اصولوں اور انسانی اقدار کے دشمنوں کے درمیان ایک مسئلہ ہے۔/۹۸۹/ف۹۳۰/ک۳۳۱/