
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے امریکی وزیرجنگ جیمز میٹس سے ملاقات میں فوجی اور سیکورٹی کے مسائل نیز موصل میں جاری کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ عراقی افواج داعش کو شکست دینے کی توانائی رکھتی ہیں۔
عراقی حکومت کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ داعش کے خلاف جنگ میں غیر ملکی فوجیں عراقی افواج کا ساتھ دے رہی ہیں۔
عراقی حکومت کے ترجمان سعد الحدیثی نے عراقی افواج کے لئے غیر ملکی فوجی مشیروں اور مبصروں کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موصل کی جنگ میں صرف عراقی افواج ہی حصہ لے رہی ہیں اور کسی بھی ملک کی باقاعدہ فوج عراق میں موجود نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عراق میں غیر ملکی فوجی مبصرین اور مشیروں کی تعداد واضح ہے اور یہ مبصرین اس وقت سے عراق میں ہیں جب سے موصل کو آزاد کرانے کی کارروائیاں شروع ہوئی ہیں۔
عراقی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ہماری افواج داعش کے خلاف جنگ کے آخری مرحلے میں ہیں اور جلد ہی وہ داعش کو عراق سے نکال باہر کریں گی۔/۹۸۹/ف۹۴۰/