
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بلتستان کے معروف عالم دین حجت الاسلام شیخ حسن جوہری نے کہا : وزیراعلٰی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن بلتستان کے پرامن اور اتحاد بین المسلمین کے داعی علمائے کرام کی، تذلیل و توہین کرنا بند کریں ۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بیان کیا : ان کو اس بات کی وضاحت کرنی پڑے گی کہ لاشوں اور قبروں کی سیاست کرنے والے علماء کون ہیں؟ ۔
حسن جوہری نے کہا : اگر انہوں نے امن کے داعی علمائے کرام کے خلاف زبان بند نہ کی تو ان کو سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے اپنی ایک گفت و گو میں بیان کیا : تاریخ گواہ ہے کہ بلتستان کے علمائے کرام نے لاشیں اٹھانے کے باوجود امن کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا اور ہمیشہ لوگوں کو امن کی تلقین کی۔ لیکن وزیراعلٰی حافظ حفیظ الرحمٰن امن کے قیام میں کردار ادا کرنے والے علمائے کرام کی تضحیک کر رہے ہیں ۔
حسن جوہری نے کہا : بتایا جائے کہ کس عالم نے لاشوں اور قبروں پر سیاست کی ہے۔ ہوا میں تیر چلانا بہت آسان ہے ان لوگوں کو ثابت کرنا ہوگا ۔
انہوں نے کہا : مسلم لیگ نون دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئی ہے، یہ غنڈہ گردوں اور انتہاء پسندوں کی جماعت ہے۔ ہم یہ بڑے وثوق سے کہتے ہیں کہ حفیظ الرحمٰن بلتستان کے ساتھ ہرگز مخلص نہیں ہیں۔
حسن جوہری نے کہا : وہ سابقہ ادوار کے ترقیاتی منصوبوں پر تختیاں لگانے کیلئے اس وقت اسکردو میں موجود ہیں اور دن میں کم سے کم چار یا پانچ ترقیاتی منصوبوں پر تختیاں لگا رہے ہیں اور سابق حکومتوں کے ترقیاتی منصوبوں کا کریڈیٹ خود لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔