
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے جنوبی علاقے پلواما میں مظاہرین پر سیکورٹی فورس کی مبینہ فائرنگ میں کم سے کم دو افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق جنوبی کشمیر کے پلواما کے بڈگام پورہ میں سیکورٹی فورس اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر سیکورٹی اہلکاروں کی فائرنگ میں کم سے کم دو عام شہری مارے گئے ہیں جن میں ایک پندرہ سالہ کم سن نوجوان بھی شامل ہے۔
خبروں کے مطابق سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے عام لوگوں کی بھیڑ پر اس وقت فائرنگ کر دی جب وہ سیکورٹی فورس کا محاصرہ توڑنے کے لئے علاقے میں جمع ہوئی تھی۔ سیکورٹی فورس کی فائرنگ میں نو افراد گولیاں لگنے سے اور بارہ افراد پیلٹ گن سے زخمی ہوئے ہیں۔
پلواما میں مظاہرین پر سیکورٹی فورس کی فائرنگ کے بعد وادی کے دیگر اضلاع میں بھی پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جن کے دوران مظاہرین اور سیکورٹی فورس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
اس درمیان ہندوستانی سیکورٹی فورس کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کے خلاف پلواما میں ان کی کارروائی مکمل ہو گئی ہے۔ ہندوستانی سیکورٹی فورس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں عسکریت پسندوں کے دوکمانڈر مارے گئے ہیں۔ سیکورٹی فورس کا کہنا ہے کہ ہلاک کئے گئے دونوں عسکریت پسندوں کا تعلق لشکرطیبہ سے ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/